ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اندرا کینٹینوں کی تیاریاں زوروں سے جاری،کیٹرنگ کیلئے دو بڑی کمپنیوں کا انتخاب مکمل

اندرا کینٹینوں کی تیاریاں زوروں سے جاری،کیٹرنگ کیلئے دو بڑی کمپنیوں کا انتخاب مکمل

Sat, 29 Jul 2017 10:20:33    S.O. News Service

بنگلورو،28؍ جولائی(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے تمام 198 وارڈوں میں مجوزہ اندرا کینٹین کے قیام کی تیاریاں کافی زوروں سے جاری ہیں اور حسب اعلان 15اگست سے شہر کے مختلف علاقوں میں اندرا کینٹین کام کرنے لگیں گے۔ ان کینٹینوں میں بی بی ایم پی کی طرف سے کم از کم پندرہ افراد پر مشتمل عملہ متعین کیا جائے گا۔ یہ بات آج برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی کونسل میٹنگ میں کمشنر منجوناتھ پرساد نے بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ ان کینٹینوں میں کام کرنے والے عملے کو غیر معمولی تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے دنیا کے معروف ترین ہوٹل چین تاج گروپ آف ہوٹل کے ماہر باورچیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اگلے ہفتے سے اندرا کینٹین کے عملے کی تربیت کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ اندرا کینٹینوں کی ضرورت کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر کے غریب عوام اور سفر میں رہنے والے لوگوں کو بہترین اور معیاری کھانا مہیا کرانے کے مقصد سے ان کینٹینوں کی شروعات کی گئی ہے۔ اس دوران برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی جانب سے اندرا کینٹین میں کیٹرنگ کی سہولت مہیا کرانے والی کمپنیوں کو بھی قطعیت دی جاچکی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں کھانے کی خدمات مہیا کرانے میں مصروف شیف ٹاک فوڈ اینڈ ہاسپیٹالٹی سرویسس اور ریوارڈنامی کمپنیوں کو اندراکینٹینوں میں کھانا مہیا کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کمپنیوں کو روزانہ تقریباً تین لاکھ افراد کو کھانا کھلانے کا تجربہ حاصل ہے۔ بی بی ایم پی کے اسپیشل کمشنر منجو راجن نے جو اندرا کینٹین پراجکٹ کے انچارج بھی ہیں بتایاکہ ان میں سے ہر ایجنسی کو پانچ اسمبلی حلقوں کے کینٹینوں کو سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے مرحلہ وار ان کی تعداد کو 27 تک بڑھایا جائے گا۔موجودہ معاہدہ کے مطابق شیف ٹاک پندرہ اسمبلی حلقوں میں اورریوارڈ بارہ اسمبلی حلقوں میں کام کرے گی۔ شیف ٹاک کو مہالکشمی پورہ ، گاندھی نگر، راجہ جی نگر ، چک پیٹ، پدمانابھا نگر، بیاٹرائن پورہ، راجہ راجیشوری نگر، کے آر پورم ، بنگلور ساؤتھ ، بسونگڈی ، ملیشورم ، گووند راج نگر، چامراج پیٹ اور وجئے نگر حلقے دئے گئے ہیں ، جبکہ ریوارڈ کو ہبال ، سروگنا نگر ، پلکیشی نگر، سی وی رامن نگر، شیواجی نگر، شانتی نگر، جئے نگر، بمن ہلی ، یلہنکا اور یشونت پور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اندرا کینٹین میں کھانا مہیا کرانے کیلئے طلب کئے گئے ٹنڈر میں دس سے زائد کمپنیوں نے بولی لگائی اور اس کے عمل میں پانچ کمپنیوں کو منتخب کیاگیا تھا ، جن میں سے کم سے کم بولی ریوارڈ نے دی تھی۔ پانچ حلقوں میں شیف ٹاک کی بولی سب سے کم رہی ۔ فی الوقت جو معاہدہ ہوا ہے، اس کے تحت بی بی ایم پی کیٹرنگ کرنیوالی کمپنیوں کوروزانہ ایک فرد کے تین وقت کے کھانے کیلئے 32 روپے ادا کرے گی، جس میں ناشتے کے 9.5 روپے، دوپہر کے 11.25 روپے اور شام کے 11.25 روپے ہوں گے۔ جبکہ خریدار کی طرف سے کمپنی کو ناشتے کے عوام پانچ روپے ، دوپہر کے کھانے کے عوض دس روپے اور رات کے کھانے کے عوض دس روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ بی بی ایم پی افسران کو امید ہے کہ روزانہ کم از کم تین لاکھ افراد اندرا کینٹینوں سے استفادہ کریں گے ۔ بی بی ایم پی افسران نے بتایاکہ ہر اسمبلی حلقہ میں قائم ہونے والے 8اندراکینٹینوں کیلئے ایک علیحدہ باورچی خانہ تعمیر کیاجارہاہے۔ ہر کینٹین میں ایک وقت میں تین سو افراد کے کھانے کا انتظام کیاجائے گا، اس حساب سے روزانہ ایک کینٹین میں ایک ہزار افراد اور 198 کینٹینوں میں 19.8لاکھ افراد کھانا کھاسکیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق شہر کی آبادی کا تقریباً پندرہ فیصد حصہ اندرا کینٹینوں میں رعایتی قیمت پر کھا سکتا ہے۔ 


Share: